کراچی (جیوڈیسک) کل سے پشاور کے سوا ملک بھر کے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں زبردست اضافے کا امکان ہے، ماہانہ 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے نرخوں میں تقریبا 6 روپے فی یونٹ تک کا اضافہ ہوسکتا ہے۔
وزارت پانی و بجلی ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے ماہانہ 201 سے 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے نرخ 5 روپے 89 پیسے بڑھنے کا امکان ہے۔ نرخ 8 روپے 11 پیسے سے بڑھ کر 14 روپے فی یونٹ ہوسکتے ہیں۔
اسی طرح 301 سے 700 روپے فی یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے نرخ 12 روپے 33 پیسے سے بڑھ کر 16 روپے فی یونٹ ہوسکتے ہیں۔700 یونٹس ماہانہ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بجلی 2 روپے 93 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔ ایسے صارفین کے لیے نرخ 15 روپے 7 پیسے سے بڑھ کر 18 روپے فی یونٹ ہوسکتے ہیں۔ جن گھریلو صارفین کے پاس ٹائم آف یوز قسم کے میٹرز ہیں ان کیلئے پیک آوورز میں بجلی 4 روپے تک مہنگی ہوسکتی ہے۔
قیمتوں کا معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں ہونے کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین کیلئے بجلی مہنگی نہیں ہوگی۔