اسلام آباد (جیوڈیسک) بڈھ بیر ائیر بیس پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کے کوائف افشاء کرنے پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے دہشتگردوں کی نشاندہی وقوعہ کے روز ہی ہو گئی تھی لیکن معاملے کی حساسیت کے پیش نظر یہ تفصیلات دانستہ ظاہر نہیں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق لگتا ہے کہ بعض اداروں کے درمیان اس معلومات کی شیئرنگ اس کی قبل از وقت تشہیر کا باعث بنی جو کسی صورت میں بھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ریکارڈ اور شواہد کے مطابق آٹھ دہشتگرد پاکستانی نہیں لگتے جن کی صحیح شناخت اور شہریت کا تعین کرنے کے لئے ابھی مزید وقت درکار ہے۔