پشاور (جیوڈیسک) مسکین آباد میں گھر کی دیوار گرنے سے چھ مزدور دب گئے۔ دو کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ دو ملبے کے نیچے دم توڑ گئے۔ ملبے کے نیچے دبے مزید دو مزدوروں کی تلاش جاری ۔ مسکین آباد میں خستہ حال مکان کی دیوار مرمت کے دوران گر گئی۔ ملبے کے نیچے مزدور دب گئے۔
مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں ۔ ریسکیو کاعملہ بھی موقع پر پہنچ گیا جس نے بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹا کر دو مزدوروں کو زخمی حالت میں نکال لیا۔
اہل علاقہ کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث مکان کی حالت شکستہ ہو گئی تھی۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ملبے کے نیچے دبے افراد کی تلاش جاری ہے اور انہیں نکالنے کیلئے بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔
ملبے کے نیچے سے نکالے گئے دونوں مزدوروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔