پشاور،اے این پی کے جلسے میں خود کش دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی

Peshawar

Peshawar

پشاور(جیوڈیسک)پشاور میں اے این پی کے انتخابی دفترکے افتتاح کے موقع پرخودکش دھماکے سے دو بچوں اور پانچ پولیس اہلکاروں سمیت اٹھارہ افراد جاں بحق اور 56 زخمی ہو گئے۔غلام بلور کو معمولی چوٹیں آئیں۔ہارون بلور کا کہنا ہے کہ دہشتگرد ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

یکہ توت کے علاقے منڈابیری میں عوامی نیشنل پارٹی کے دفتر کے افتتاح کیلئے اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور جیسے ہی پہنچے خودکش بمبار نے ان کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔دھماکے سے اندرون شہر کی تنگ گلیوں میں افرا تفری مچ گئی۔پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔دھماکے میں اے این پی کے رہنما حاجی غلام احمد بلور معمولی زخمی ہوئے،سی سی پی او لیاقت علی خان نے دھماکے میں ایس ایچ او تھانہ کوتوالی سمیت پانچ اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

حاجی غلام احمد بلور اور ہارون بلور نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔سابق وزیراطلاعات میاں افتخارحسین کاکہناتھا کہ دہشتگرداے این پی کو نشانہ بنارہے ہیں لیکن حکومت انہیں سیکیورٹی فراہم نہیں کر رہی۔