پشاور (جیوڈیسک) پشاور پولیس نے طیارے پر حملے میں ملوث شاہد گروپ کے کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔
درہ آدم خیل سے تعلق رکھنے والے شدت پسند گروپ کے کمانڈر علی حیدر کو بڈھ بیر کے علاقے سلمان خیل سے گرفتار کیا گیا۔
علی حیدر پولیس پر حملوں میں مطلوب تھا۔ گرفتار دہشتگرد علی حیدر پر نو افراد کے قتل کا بھی الزام ہے۔
ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ پی آئی اے کے طیارے پر چند روز قبل سلمان خیل کے علاقے سے ہی فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک خاتون جاں بحق اور عملے کے دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے گرفتار شدت پسند کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے اور اس سے مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔