پشاور: پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکا، 33 افراد جاں بحق

Peshawar Police Station

Peshawar Police Station

پشاور (جوڈیسک) پشاور میں خان رازق پولیس اسٹیشن کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد جاں بحق اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے، اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 200 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ پشاور میں ایک ہفتے کے دوران یہ دہشت گردی کا تیسرا واقعہ تھا، جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے سے اڑایا گیا۔ قصہ خوانی بازار میں تھانے کے سامنے ہونے والا دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے تین پلازوں سمیت کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

دھماکے کے بعد جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ڈی ایم ایس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچے اور دو خواتین جبکہ زخمیوں میں بھی بچے شامل ہیں۔ دھماکے بعد نوجوانوں کی بڑی تعداد خون دینے کیلئے اسپتال پہنچ گئی۔ اے این پی کے رہنما غلام احمد بلورنے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔

اس دوران انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں کا جواب عمران خان سے لیاجائے، ملک میں دھماکے ہورہے ہیں اور عمران خان طالبان کا دفتر کھولنے کی بات کرتے ہیں۔ ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت واقعے کی فوری تحقیقات کرے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔