پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر ماشوخیل میں دہشت گردوں کے حملے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رات گئے ایک درجن سے زائد نامعلوم افراد نے ماشوخیل میں ایک حجرے پر حملہ کیا، حملہ آور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے، جنہوں نے پہلے حجرے پر دستی بم برسائے اور پھر اندر گھس کر فائرنگ کی، جس سے موقع پر ہی 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں امن کمیٹی کا رضا کار بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس اہل کار ظفر کے حجرے کو نشانہ بنایا جو پہلے ہی دہشت گردوں کا نشانہ بن چکاہے، پولیس نے علاقے میں پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دہشت گردوں کے نیم قبائلی علاقے ایف آر پشاور یا خیبر ایجنسی فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔