پشاور میں ہفتہ وارانسداد پولیو مہم ، موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی

Polio Campaign

Polio Campaign

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کی 97 یونین کونسلوں میں ہفتہ وار انسداد پولیو مہم جاری ہے۔

پشاور اور گرد و نواح کی 97 یونین کونسلوں میں بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے ایک روزہ پولیو مہم جاری ہے جس کے تحت رضاکاروں کی 4 ہزار ٹیمیں گھر گھر جاکر 5سال سے کم عمر کے7لاکھ 54 ہزار 400 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلارہی ہیں۔

انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے پولیس کے 5 ہزار اہلکار مختلف علاقوں میں تعینات کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ شام 5 بجے تک شہر بھر میں موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 کے تحت کارروائی عمل میں لانے کا اعلان کیا گیا ہے۔