مردان (جیوڈیسک) تھانہ ہوتی کے ایس ایچ او مراد خان کے مطابق تحریک انصاف کے تحصیل کونسلر علاقے میں ایک شمولیتی جلسے کے لئے کارکنوں کے جلوس میں جا رہے تھے کہ مخالف سیاسی جماعت اے این پی کے کارکنوں سے ان کا آمنا سامنا ہوا۔
دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے تحصیل کونسلر مہمند خان، بلدیہ مردان کے ملازم اکرام، شاہ جہان اور قاسم خان موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ بلال، اعظم، مبصر اور داؤد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے، جہاں 2 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان انتخابی رنجش چلی آ رہی تھی، تاہم ابھی تک باقاعدہ مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔