پشاور: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں گزشتہ روز ہلاک ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں مشتاق کی جنازہ گاہ کے قریب آج صبح ایک ریمورٹ کنٹرول دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق پشاور کے ایک نواحی علاقے بڈھ بیر سلیمان خیل میں اے این پی کے رہنما میاں مشتاق کی نمازِ جنازہ کے لیے سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے تھے اور اس کے لیے پولیس موبائل میں واک تھرو گیٹ لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں اس کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔
میاں مشتاق کو اتوار کے روز نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔
اس واقعہ میں ان کے دو ساتھی بھی ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ مقتول میاں مشتاق کی نمازہ جنازہ آج دوپہر دو بجے ادا کی جائے گی۔
ڈی ایس پی بڈھ بیر فضل واحد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ دھماکے میں دو سے ڈھائی کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور اب تک 10 سے 15 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور علاقے کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔