پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے نواحی علاقے پھندو میں رکشے میں بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا رکشے میں بم کی تنصیب کے دوران ہوا، بم دھماکے میں زخمی ہونے والے 7 افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں تین بچے دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی لیڈی ریڈنگ اسپتال لائی گئی ہیں جن میں سے ایک کی شناخت ہوگئی ہے۔
دھماکے میں ایک گھر کو بھی نقصان پہنچا ہے، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی منقطع ہوگئی، بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد آٹھ کلو وزنی بم پشاور کے کسی علاقے میں تخریب کاری کے لیے لے جانا چاہتے تھے، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق افغانستان سے ہے، تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔