پشاور : سفید سنگ روڈ پر دھماکا،3 مبینہ دہشت گرد ہلاک

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور بڑی تباہی سے بچ گیا۔ خیبر ایجنسی سے شہر کی حدود میں داخل ہونے والے خودکش جیکٹوں سے لیس مسلح حملہ آور بارودی جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ ایک جیکٹ ناکارہ بنادی گئی۔

پشاور پولیس کی کامیاب کارروائی تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا کر شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا ۔ پولیس کا کہنا ہے موٹر سائیکل پر سوار تین خودکش بمبار خیبر ایجنسی سے شگئی کے راستے پشاور میں داخل ہوئے۔

دہشتگرد کافور ڈھیری کے قریب پہنچے اسی دوران ایک خودکش حملہ آور کی جیکٹ دھماکے سے پھٹ گئی جس سے تینوں دہشتگردوں کے پرخچے اڑ گئے ۔ ایس پی کینٹ کاشف ذوالفقار کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے دو شکل اور حلیے سے غیر ملکی معلوم ہوتے ہیں جبکہ ایک مقامی لگتا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے تینوں افراد خودکش جیکٹس ، خود کار اسلحے اور دستی بموں سے لیس تھے اور وہ دہشتگرد کس مقام کو نشانہ بنانا چاہتے تھے ابھی اس کا تعین کیا جانا باقی ہے۔

جائے وقوعہ سے کچھ ہی فاصلے پر ورسک روڈ واقع ہے جہاں درجنوں تعلیمی ادارے ہیں۔