پشاور(جیوڈیسک)پشاور میں چوبیس گھنٹوں سے جاری بارشوں سے شہر میں جل تھل ایک ہوگیا۔ پشاور میں اب تک چالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش پشاور میں ہوئی جہاں چالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مالم جبہ میں 33، بالاکوٹ 27، رسالپور25، چراٹ 23، کالام 22، پاڑا چنار 31 اور سیدو شریف میں 22 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ چترال، دیر، سوات اور ہزارہ کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 اور کم سے کم 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد رہا۔