پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں شمع سینما کے اندر ہونے والے 3 دھماکوں میں 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پشاور کو ایک بار پھر دہشتگردی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ شمع سینما میں ہونے والے 3 دھماکوں میں 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پشاور میں واقع شمع سینما میں ایک پشتو فلم کی نمائش جاری تھی۔
دھماکوں کے وقت سینما ہال میں 50 سے زائد افراد موجود تھے۔ فلم شروع ہونے کے چند لمحوں کے بعد ہی سینما ہال دھماکوں سے گونج اٹھا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔
دہشتگردی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، امدادی ٹیمیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ خون سے لت پت افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثہ کی نوعیت کے پیش نظر لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے۔ واضع رہے کہ پشاور کا شمع سینما بلور برادران کی ملکیت ہے۔