پشاور میں اسمگل شدہ سامان کی فروخت کیخلاف کریک ڈاؤن

Truck

Truck

پشاور (جیوڈیسک) خیبرایجنسی کے راستے نان کسٹم پیڈ اشیاء کی پشاور اسمگلنگ ایک عرصے سے جاری ہے۔ تاہم اب پشاور پولیس نے اس غیر قانونی کاروبار کو روکنے کے لئے کریک ڈاون شروع کیا ہے جس کے خلاف اس کاروبار سے وابستہ افراد بھی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

خیبرایجنسی سے نان کسٹم پیڈ اشیاء کی پشاور شہر کو اسمگلنگ کوئی نئی بات نہیں۔ سالوں سے یہ کاروبار چل رہا ہے۔ غیر ملکی کپڑا، کاسمیٹکس، الیکٹرانکس اور دیگر اشیاء ہتھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی ذریعے پہلے پشاورکی کارخانو مارکیٹ اور پھر دیگر علاقوں کو سپلائی ہوتی ہیں۔

غیر ملکی سامان کے مرکز کارخانو مارکیٹ میں 500سےزیادہ لوگوں کا روزگار اس اسمگلنگ سے وابستہ ہے۔ جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس نے کریک ڈاون شروع کیاتو اس کاروبار سے وابستہ مزدور سراپا احتجاج بن گئے۔

کارخانو مارکیٹ میں 70 سے زیادہ مارکیٹیں ہیں۔ جن میں نان کسٹم پیڈ اشیاء بکتی ہیں۔ تاہم ان اشیاء کی پشاور کی دیگر مارکیٹس کو فراہمی پرقانون کی کتابوں میں پابندی ہے۔

اسمگلرز سے رشوت لینے کے الزامات سامنے آنے کے بعد کچھ عرصہ کے دوران 10سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا۔ جن میں زیادہ تر اہلکار تھانہ حیات آباد میں تعینات تھے۔