پشاور ،خود کش حملے کی تحقیقات میں پیش رفت ،گاڑی مری میں رجسٹرڈ تھی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں شیرشاہ سوری روڈ پر ایف سی کے قافلے پر خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی نمبرپلیٹ مری کے رہائشی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

شیرشاہ سوری روڈ پر ایف سی قافلے پر حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے انجن اور چیسز نمبر کے ذریعے بھی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس نے مزید تحقیقات کیلئے پنجاب پولیس سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملک بھر میں ایکسائز دفاتر سے بھی گاڑی کے بارے میں معلومات لینے کیلئے رابطے کئے جائیں گے۔ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا روٹ معلوم کرنے کیلئے پولیس نے مختلف سرکاری عمارات پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے بھی مدد لینے کافیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے کینٹ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران سینتالیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔