پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقے حیات آباد میں تاتارا پارک کے قریب خود کش دھماکے میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور اور اسکا گن مین شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اشرف نور گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ حیات آباد کے قریب انکی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
آئی جی خیبر پختونخواہ کا کہنا ہے حیات آباد میں دھماکا خودکش تھا جس میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔
صلاح الدین محسود نے کہا پولیس فورس کے حوصلے بلند ہیں، ایڈیشنل آئی جی کی قربانی سے پولیس فورس کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ملک و قوم کیلئے مزید قربانیوں کی ضرورت پڑی تو دیں گے۔ آئی جی خیبر پختونخواہ نے کہا حالت جنگ مین ہیں،مقابلہ جاری رہےگا۔