اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی نے پشاور کی این اے ون کی ٹکٹ مانگی جسے نہ دیے جانے پر انہوں نے پارٹی سربراہ عمران خان پر ذاتی حملے شروع کردیے ہیں۔
تحریک انصاف کی رہنما اور قومی اسمبلی کی رکن عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ جتنی عزت مجھے تحریک انصاف میں ملی ہے کسی جماعت میں نہیں ملی، پارٹی چھوڑنا، جوائن کرنا آپ کا حق ہے لیکن چھوڑتے وقت گالی دینا افسوسناک ہے۔
شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان کی ترجمان وہ خود ہیں اور وہ خواتین کی عزت کا خاص خیال رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی اور کور کمیٹی میں ہم سب خواتین موجود ہیں، عائشہ گلالئی کواندازہ نہیں کہ انہیں پارٹی میں کتنی عزت ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے محنت اور میرٹ پر مجھے پارٹی میں عہدہ دیا۔
اس سے قبل عائشہ گلالئی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کا انصاف کے کارکن پارٹی میں کرپشن اور خواتین کی عزت کے حوالے سے احتجاج کرتے رہے ہیں لیکن تحریک انصاف کا ماحول ویسا نہیں ہے جیسا دنیا کو دکھایا جاتا ہے۔
عائشہ گلالئی کے مطابق وہ کافی عرصے سے یہ چیزیں برداشت کر رہی تھیں، تحریک انصاف دو نمبر پٹھان اپنے آپ کو پٹھان کہتے ہیں، میں خواتین کی کوئی عزت نہیں ہے اس لیے وہ اس جماعت کو چھوڑ رہی ہیں۔