پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں دو تاجروں کے قتل کے خلاف نیو سبزی منڈی پشاور میں ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی جس کے باعث صوبے بھر اور ہمسایہ ممالک کو سبزیوں کی سپلائی معطل رہی۔
نیو سبزی منڈی پشاور میں تاجروں کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی۔ فردوس بازار کے قریب سبزی کے دو تاجروں کے قتل کےخلاف سبزی منڈی میں احتجاج کیا گیا۔
احتجاج کے باعث نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ ہمسایہ ممالک کو بھی سبزیوں کی سپلائی معطل رہی۔ فردوس بازارکے قریب 9دسمبر کی شام دو تاجروں کو رہزنی کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا۔ واقعےکے بعد متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کوبھی لائن حاضر کردیاگیا ہے۔
سبزی منڈی میں ہڑتال کے باعث جہاں ہزاروں افراد کا روزگار متاثر ہوا ہے ، وہیں صوبے بھر میں سبزیوں کی قیمتیں بڑھنے کا اندیشہ ہے۔