پشاور سانحے کے بعد ملک بھر میں سرچ آپریشن، درجنوں گرفتار

Police Operation

Police Operation

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرکے افغانستان سے تعلق رکھنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیا۔ دہشت گرد سے دستاویزات اور جعلی مہریں بھی برآمد ہوئیں۔ اس دوران مزید 8 مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

مری شہر میں پولیس اور سیکورٹی اداروں نے 125 گھروں پر چھاپے مارے اور 25 مشکوک افغان باشندوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

لنڈی کوتل کے علاقے گاگرہ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ خوشاب میں پولیس نے وادی سون کے پہاڑی علاقے اور گردونواح میں سرچ آپریشن کے بعد 7 افغانی باشندوں سمیت دو خطر ناک اشتہاری گرفتار کر لئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 16 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پشاور کے نواحی علاقے پجگی روڈ پر فقیر کلے میں پولیس اور ایلیٹ فورس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔

کوئٹہ میں قلعہ سیف اللہ کے علاقے نسائی میں ایف سی اور احساس اداروں نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 5 افراد گرفتار کر لئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ راجن پور لاری اڈا میں پولیس نے کارروائی کرکے 8 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ کندیاں پپلاں کے گردونواح میں پولیس نےسرچ آپریشن کے دوران 30 افغان اور مقامی لوگوں کو حراست میں لیا۔ زیر حراست افراد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

اوکاڑہ کے علاقے غوثیہ کالونی میں حساس اداروں نے کارروائی کرکے 3 افغان باشندوں کو جبکہ فیصل آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 32 مشکوک افراد کو حراست میں لیا۔ دوران آپریشن 8 اشتہاری ملزمان بھی گرفتار کئے گئے جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے 36 بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیاں بھی پکڑیں۔