لاہور (جیوڈیسک) سانحہ پشاور پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ مشنری سکولز اور گرجا گھر بند ہیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان سمیت کئی شہروں میں مسیحی برادری نے احتجاجی ریلیاں نکالیں، ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں مسیحی براداری کے ارکان نے بھٹہ چوک پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مسیحی برادری کے تحفظ اور دہشت گردوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ اسلام آباد، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی مسیحی برادری نے بھرپور احتجاج کیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں سانحہ پشاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی اور واقعہ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کراچی کے علاقے سرشاہ سلیمان روڈ عیسی نگری پر سانحہ پشاور کے خلاف مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین اقلیتوں کے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کورنگی ڈھائی نمبر اور کورنگی کراسنگ پر بھی مسیحی برادری کا احتجاج ہو رہا ہے۔ کورنگی کراسنگ پر مظاہرین نے سڑک بند کر دی ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پولیس نے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا ہے۔