پشاور (جیوڈیسک) پشاور یونیورسٹی نے بی اے بی ایس سی کے نتائج کا اعلان ک ردیا۔ تمام اہم پوزیشن لڑکیاں لے اڑیں۔ جناح کالج کی طالبات نتائج پر چھائی رہیں۔ پشاور یونیورسٹی کے فیصلے کے مطابق آئندہ تعلیمی سال سے تھرڈ ڈویژن لینے والے طلباء کو فیل تصور کیاجائے گا۔
پشاور یونیورسٹی نے بی اے بی ایس سی امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ جناح کالج کی طالبات ٹاپ پوزیشن لے اڑیں۔ جناح کالج کی وجیہہ ریاض اور فرحانہ نے مشترکہ طور پر 420 نمبر لے کر اول پوزیشن حاصل کی۔
جناح کالج کی غنچہ شاہ اورپرائیویٹ طالبہ آبگینہ ریاض 414 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر براجمان رہیں۔ اسی کالج کی عاصمہ قیوم نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ بی ایس سی امتحانات میں جناح کالج کی فاطمہ رحمان نے اول جبکہ اسی کالج کی زینب اقبال سوئم پوزیشن پر رہیں۔
نجی کالج کی طالبہ عالیہ مسعود نے دوسری پوزیشن حاصل کی ، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسررسول جان نے کامیاب طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ بی اے بی ایس سی امتحانات میں 39917 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 19288 کامیاب قرارپائے۔
نتیجہ 48 فیصد رہا۔ وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر رسول جان کے مطابق آئندہ تعلیمی سال سے بی اے بی ایس سی امتحانات میں تھرڈ ڈویژن لینے والے طلباء کو فیل تصور کیا جائے گا۔ تقریب میں کامیاب طالبات کے والدین بھی موجود تھے جن کی خوشی ان کے چہروں سے عیاں تھی۔