پشاور : متاثرین کی رجسٹریشن جاری، میڈیا کے رجسٹریشن پوائنٹ میں داخلے پر پابندی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں شمالی وزیرستان کے متاثرین کی رجسٹریشن دوسرے روز بھی جاری، ناقص انتظامات کے باعث متاثرین کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا، میڈیا کے رجسٹریشن پوائنٹ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

گورنمنٹ کالج منیجمنٹ سائنس میں دوسرے روز بھی شمالی وزیرستان کے متاثرین کی رجسٹریشن جاری ہے۔ آج شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل اور تحصیل بویہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے کوائف کی تصدیق کے بعد رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔

فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی جانب سے میڈیا کے رجسٹریشن پوائنٹ کی جانب داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز کی طرح آج بھی رجسٹریشن کاعمل بدنظمی کا شکار ہے۔

انتظامیہ کیلئے قناتیں لگا کر دھوپ سے بچاو کا بندوبست تو کر لیا گیا ہے لیکن متاثرین شدید دھوپ میں لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔اس حوالے سے ایف ڈی ایم اے کے حکام سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔ پشاور میں گزشتہ روز بھی متاثرین کی رجسٹریشن کے دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

رجسٹریشن کاعملہ کم ہونے کی وجہ سے متاثرہ افراد کی مشکلات دو چند ہو گئی ہیں۔ موبائل سم دینے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ایک کاونٹر کالج سے باہر لگایا گیا ہے جہاں متاثرین کو دوبارہ لمبی لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔