دبئی (جیوڈیسک) پشاور زلمی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ شروع کی تو ان کی جانب سے محمد حفیظ اور تمیم اقبال بیٹنگ کرنے آئے۔ محمد حفیظ جن پر پشاور کی ٹیم تکیہ کئے ہوئے تھی، کوئی اچھا آغاز نہ کر سکے اور صرف 9 گیندیں کھیل کر 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد ڈی جے مالم بیٹنگ کرنے آئے۔ تمیم نے 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 51 گیندیں کھیل کر 51 رنز بنائے اور رسل کی گیند پر واسٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
مالم 1 چوکے کی مدد سے 14 گیندیں کھیل کر صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مالم کو رومن رئیس نے آؤٹ کیا۔ ان کا کیچ واسٹن نے پکڑا۔ نئے آنے والے بیٹسمین کامران اکمل تھے جو 8 گیندیں کھیل کر صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد آنے والے بیٹسمین شاہد یوسف تھے جو 16 کے انفرادی اسکور پر رسل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے 17 اضافی اسکورز دئیے۔ نئے آنے والے بیٹسمین کپتان شاہد خان آفریدی تھے۔
شاہد آفریدی نے 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 12 گیندیں کھیل کر 16 رنز بنائے اور ہمیشہ کی طرح ایک اونچا شارٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد آنے والے بیٹسمین ڈیرم سیمی 4 گیندیں کھیل کر ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنا کر سعید اجمل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ وہاب ریاض نے ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جنید خان زلمی کے مجموعی اسکور میں صرف 1 اسکور کا اضافہ کر سکے۔ پشاور زلمی نے مجموعی طور پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے 145 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ بھی کچھ زیادہ جارحانہ نوعیت کی نہ تھی۔
واسٹن نے 3 چوکوں کی مدد سے 31 گیندیں کھیل کر 29 رنز بنائے اور وہاب ریاض کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ شرجیل خان 2 چوکوں کی مدد سے 3 گیندوں پر 8 رنز بنا کر شون ٹیٹ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم تھے جو بغیر کوئی رن بنائے محمد اصغر کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین عمر امین تھے جو 6 گیندیں کھیل کر صرف 4 رنز بنا کر محمد اصغر کی گیند پر جنید خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین کپتان مصباح الحق تھے جنہوں نے 2 چوکوں کی مدد سے 12 گیندیں کھیل کر 12 رنز بنائے اور محمد اصغر کی گیند پر مالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین بلنگز تھے جنہوں نے 1 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 20 گیندیں کھیل کر 26 رنز اسکور کئے۔ اشعر زیدی بلنگز کا ساتھ دینے آئے۔ انہوں نے 7 گیندیں کھیلیں اور 2 رنز بنا کر ٹیٹ کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ان کے بعد رسل کھیلنے آئے جنہوں نے 1 چھکے کی مدد سے 12 گیندیں کھیل کر 12 رنز بنائے اور وہاب ریاض کی گیند پر محمد اصغر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
زلمی کے باؤلرز نے 11 اضافی رنز دئیے۔ بلنگز بھی وہاب ریاض کی اگلی ہی گیند پر محمد اصغر ہی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ان کے بعد عمران خالد بیٹنگ کرنے آئے جو جلد ہی کامران اکمل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 6 گیندیں کھیلیں اور 4 رنز بنائے۔ سعید اجمل نے 1 چوکے کی مدد سے 10 گیندیں کھیل کر 10 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ رومن رئیس نے 5 گیندیں کھیل کر 4 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 121 رنز بنا سکی۔