پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

PSL

PSL

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پی ایس ایل کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی، پشاور نے اسلام آباد کا 119 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 17.1 اوور میں حاصل کرلیا۔

پشاور کی جانب سے اسلام آباد کے 119 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 6 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ٹام کوہلر اور شعیب ملک نے اسکور آگے بڑہایا۔

ون ڈاؤن آنے والے ٹام کوہلر 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ حیدر علی نے جارحانہ 36 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے، شعیب ملک نے 29 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت پشاور زلمی نے 119 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اسلام آباد کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی جس کے باعث اسلام آباد کی ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی، اوپنر پال اسٹرلنگ صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ ون ڈاؤن آنے والے فل سالٹ 9 اور فہیم اشرف صرف 2 رنز بناکر چلتے بنے، کپتان شاداب خان 6 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔

اوپنر الیکس ہیلز نے پشاور کے بولرز کے خلاف مزاحمت کی اور 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، پشاور کی شاندار بولنگ کے آگے اسلام آباد کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور اسلام آباد کی پوری ٹیم 17.1اوورز میں 118 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 4اور 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جب کہ مجیب الرحمان اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔