پیٹرول کی قیمت 9 روپے 66 پیسے کمی کے بعد 84 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگئی

Petrol

Petrol

اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 9 روپے 66 پیسے کمی کے بعد 84 روپے 53 پیسے ہو گئی ہے۔

اوگرا نے وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے جس کے بعد ہائی آکٹین کی قیمت 10 روپے 18 پیسے کمی کے بعد 106 روپے 27 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 12 پیسے کمی کے بعد 94 روپے 9 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 39 پیسے کمی کے بعد 77 روپے 98 پیسے پر آ گیا ہے جبکہ مٹی کا تیل 4 روپے 34 پیسے سستا ہو گیا ہے۔

حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر سے زائد کی کمی کی تھی جبکہ قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2008 کی سطح پر آ گئی ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے حویلیاں میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہوگی۔

جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ مہنگائی کو بھی قابو میں کیا جاسکے گا اور امید ہے کہ دھرنے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اعتراض نہیں کریں گے۔