پٹرول بحران پر وفاقی حکومت اور اس کے وزرا اپنی نااہلی تسلیم کریں، رابطہ کمیٹی

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ پٹرول کے بحران پر حکومتی رویہ غیر سنجیدہ ہے لہٰذا وفاقی حکومت اور اس کے ورزا اس سنگین بحران پر اپنی نا اہلی کو تسلیم کریں۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پنجاب کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والے پیٹرول کے سنگین بحران کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےکہا کہ وفاقی وزرا ایک دوسرے پر الزامات کی سیاست کرکے قوم کو بے وقوف بنا کر اپنا دامن ہرگز نہیں بچا سکتے ہیں لہذا وفاقی حکومت اور اس کے وزرا پیٹرول کے سنگین بحران پر اپنی نااہلی کو تسلیم کریں۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو پٹرول بحران پر حکومتی اجلاس اورجھوٹے دعوؤں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے،ملک پہلے ہی نازک ترین صورتحال سے دوچار ہے اور مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہیں اور ایسے موقع پر ملک میں پیٹرول کا سنگین بحران ملک بھرمیں پھیل جانا حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہا کہ حکومتی نااہلی کے باعث کراچی میں پیٹرول کے بحران کی صورتحال سنگین رخ اختیار کرتی جارہی ہے جس کے باعث اس شہرمیں زندگی مفلوج اور معیشت کا پہیہ جام ہونے کا خدشہ ہے۔