لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں پٹرول بحران کیس کی سماعت جسٹس سید منصور علی شاہ نے کی۔
درخواست گزار گوہر نواز سندھو کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران سے عوام کے روز مرہ معاملات بری طرح متاثر ہوئے اور وہ شدید مشکلات سے دوچار ہوئے مگر حکومت ذمہ داروں کو بچانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔
عدالت نے حکومتی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ طلب کی تو حکومتی وکیل نے رپورٹ جمع کروانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ یہ کوئی ایسا کام نہیں جس میں ایک ماہ کا وقت لگے۔
عدالت نے حکومتی استدعا مسترد کرتے ہوئے 6 فروری کو رپورٹ جمع کروانے کے احکامات دے دئیے۔