اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صدارت میں پٹرولیم مصنوعات کے بحران کے حوالے سے خصوصی اجلاس شروع ہو گیا ہے، وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اجلاس کے دوران ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے بحران پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور قلت کو فوری دور کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں پیدا ہونے والا بحران کسی کی غیر ذمہ داری سے ہوا اس کا تعین کیا جائے تاکہ ذمہ داروں کو سزا دی جا سکے، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا فرض ہے کہ وہ عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے اور اس ضمن میں جو بھی ذمہ دار ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان سات دنوں کے دوران عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جو بھی لوگ اس کیلئے ذمہ دار ہیں ان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی ، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔