جھڈو (جیوڈیسک) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران نالائق ثابت ہو چکے ہیں، پٹرول بحران کے بعد پورے ملک کا ایک ساتھ تاریکی میں ڈوب جانا حکمرانوں کی نااہلی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اپنے ہی احکامات پر عمل نہیں کرا سکتے ،حکومت بے بس ہے اور شوگر ملز مالکان ڈنکے کی چوٹ پر کاشتکاروں کا استحصال کر رہے ہیں، امت مسلمہ میں اتحاد کا فقدان ہونے کی وجہ سے توہین رسالت جیسے واقعات رونما ہو رہے ہیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھڈو پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران عوامی نہیں،اس لیے انہیں عوام کے مسائل سے بھی دلچسپی نہیں ہے، عیاشیوں میں غرق حکمرانوں نے نوجوانوں کو بیروز گاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا
اگر حکومت نے آبادگاروں کو ان کا جائز حق نہ دلوایا تو جماعت اسلامی پورے سندھ کے کسانوں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلائے گی، اس موقع پر ان کے ہمراہ راشد آرائیں اور علی ناگوری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے، قبل ازیں پریس کلب میں ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کی والدہ مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔