فیصل آباد(خصوصی رپورٹ) پٹرول کے بعد بجلی وگیس بحران پیدا کر کے نواز حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ انہیں قو م سے زیادہ اپنا کاروبار توسیع کرنے میں زیادہ دلچسپی ہے۔ مہنگائی’ بیروزگاری اور لاقانونیت کے باعث 18 کروڑ عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ بحران دربحران پیدا کرنے میں اس حکومت کا کوئی ثانی نہیں۔ پٹرول بحران کے ذمہ دار سرکاری ملازمین کو ذمہ دار قرار دینا بددیانتی ہے۔
پٹرول بحران کے براہ راست ذمہ دار وفاقی وزیر پٹرولیم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز یوتھ آرگنائزیشن پنجاب کے صدر رانا فرخ محمود نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ قوم کو نت نئے بحرانوں میں مبتلا کرنے والے شریف برادران ملک میں جاری جمہوریت کے تسلسل کے خاتمے کا باعث بن سکتے ہیں۔ بیڈگورننس جمہوریت کو ڈی ریل کر سکتی ہے۔ حکومت اور اسکے وزراء اور مشیروں نے روش نہ بدلی تو قوم سڑکوں پر آ جائے گی۔ جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ دار مسلم لیگ ن کی حکومت پر عائد ہو گی۔