اسلام آباد (جیوڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق ہو گیا ہے۔ قیمتوں کے تعین میں حکومت عوام سے ایک بار پھر ہاتھ کر گئی۔ وزارت خزانہ نے عالمی قیمتوں میں کمی کا ریلیف بھی عوام کو نہیں دیا۔
حکومت نے حاتم طائی کی قبر پر لات مارتے ہوئے پٹرول اڑتالیس پیسے لٹر سستا کر دیا۔ نئی قیمت ایک سو بارہ روپے، چھہتر پیسے مقرر کی گئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر بیس پیسے سستا کیا گیا ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل اب ایک سو سولہ روپے پچھتر پیسے لٹر فروخت ہو گا۔ لائٹ ڈیزل کی قیمتیں ایک سو ایک روپے چوبیس پیسے برقرار رکھی گئی ہیں۔ نوٹیفیکشن کے مطابق مٹی کے تیل کے نرخوں میں تیرہ پیسے لیٹر کمی کر کے نئی قیمت 108 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
ہائی اوکٹین کی قیمت میں 2 روپے 67 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔ نئے نرخ ایک سو اکتالیس روپے تئیس پیسے ہونگے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں حکومت ایک بار پھر عوام کے ہاتھ کر گئی۔ اوگرا نے پٹرول دو روپے اٹھارہ پیسے لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی تھی جسے صرف اڑتالیس روپے کر دیا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف بھی پورا نہیں دیا گیا۔