پٹرول کے بعد بجلی و آٹے کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ انکم ٹیکس میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، طاہر حسین

کراچی : آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ بجلی مزید مہنگی کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے انکم ٹیکس میں چارسو فیصد اضافہ کیخلاف احتجاجی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کہا کہ حکمران عوام پر زندگی تنگ کررہے ہیں اور بجٹ کے باوجود ہر روز اشیائے صرف کی قیمتوں میں تبدیلی و اضافے نے یومیہ منی بجٹ کی شکل اختیار کرکے مہنگائی کو جس تیزی سے فروغ دیا ہے۔

اس نے سابقہ حکومت کے ریکارڈز بھی توڑ دیئے ہیں اور اگر حکومت عالمی مالیاتی اداروں، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اسی طرح عوام پر ظلم کرتی رہی تو عوام کیلئے سانس لینا اور جینا دوبھر ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام لیواؤں اور انصاف کے ٹھیکیداروں کے مفادات کی جنگ کو حق سمجھنے والے عوام کو اب یہ بات سمجھ آچکی ہے کہ مشرف کا دورِحکومت پاکستانی تاریخ کا سنہرا ترین دور تھا جس میں عوام خوشحال ومحفوظ تھے اور تمام عوام دشمن استحصالی طبقات و شخصیات نے یکجا ہوکرآئین و جمہوریت کے نام پر مشرف کو اقتدار سے ہٹاکر عوام وپاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

اسلئے اب ملک و قوم کے محفوظ مستقبل کیلئے ان سازشی و مفاد پرست طبقات و شخصیات سے نجات اور پرویز مشرف کو پھر سے اقتدار میں لانا ناگزیر ہے یہی وجہ ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کی عوامی مقبولیت و طاقت اور مشرف کی حمایت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سازشی عناصر اب زیادہ دیر مشرف کو مقید رکھ سکیں گے اور نہ ہی ایوان اقتدار میں داخل ہونے سے روک سکیں گے۔