کراچی (جیوڈیسک) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے کرایوں میں کمی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکومت کی جانب سے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دیئے جانے کے بعد کراچی کے ٹرانسپورٹرز نے عوام کو کسی بھی قسم کا ریلیف دینے سے گریز کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کرنے کااعلان کیا ہے۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر 95 فیصد بسیں سی این جی پر منتقل ہو چکی ہیں اور جب تک ڈیزل کی قیمت 93 روپے سے کم نہیں ہوگی کرائے کم نہیں کیے جائیں گے۔
دوسری جانب اندرون ملک چلنے والی انٹرسٹی ایئرکنڈیشنڈ کوچز کے مالکان نے بھی کرایوں میں کمی سے انکار کردیا ہے جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کے بعد کرایوں میں 5 فیصد تک کمی کا اعلان کردیا ہے۔