پٹرول پمپ مالکان نے شہریوں کو پٹرول کی فروخت بند کر دی

Petrol

Petrol

وزیرآباد (نامہ نگار) پٹرول پمپ مالکان نے شہریوں کو پٹرول کی فروخت بند کر دی، پٹرول نہ ملنے سے شہری ذلیل و خوار ہونے لگے۔ حکومت نوٹس لے، مطالبہ شہر کے قریب واقع نجی پٹرول پمپ مالکان نے دو روز سے شہریوں کو پٹرول کی فروخت بندکررکھی ہے جس کی وجہ سے رکشہ ، موٹر سائیکل مالکان اور کاروں والے گاڑیوں کو دھکے لگاتے نظر آئے بیشتر مقامات پر جذبہ ایثار کے تحت موٹر سائیکل سوار ایک دوسرے کی مدد کرتے بھی نظر آئے جو اپنی موٹر سائیکلوں سے بوتلوں اور شاپروں کے ذریعے پٹرول نکال کردوسرے موٹر سائیکلوں کی ٹینکیوں میں منتقل کرتے رہے۔

پٹرول نہ ملنے کی وجہ سے طالبعلموں کی بڑی تعداد کو سکولوں کالجوں سے غیر حاضر ہونے کے علاوہ رستوں میں پٹرول ختم ہونے پر دشواری کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب سے پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں آنے والے کمی کے بعد نیچے آئی ہیں۔

پٹرول پمپ مالکان نے من مانیاں شروع کر رکھی ہیں جو سستا خریدا ہوا پٹرول مہنگے داموں فروخت کرنے کیلئے فروخت بند کر کے ذیلی ایجنسیوں کے مالکان کو فروخت کردیتے ہیں۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ مختلف مقامات پر قائم غیر قانونی ایجنسیوں پر پٹرول کی فروخت جاری ہے جہاں90 سے100 روپے تک میں پٹرول فروخت کیا جارہا ہے۔

شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے صورتحال کا فوری اور سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔