پیٹرول کی فروخت میں جولائی تا مئی 23 فیصد اضافہ

Petrol,

Petrol,

کراچی (جیوڈیسک) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران 5 فیصد کے اضافے سے 21.2ملین ٹن رہی جس میں سب سے زیادہ 23فیصد اضافہ پیٹرول کی فروخت میں ریکارڈ کیا گیا۔

پیٹرولیم انڈسٹری کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2015سے مئی 2016 کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 4فیصد کے اضافے سے 7 ملین ٹن رہی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مصنوعات کی خوردہ فروخت میں اضافے کا رجحان رہا، معاشی صورتحال میں بہتری اور نئی گاڑیوں کی فروخت میں اضافے نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اعدادوشمار کے مطابق 11 ماہ کے دوران فرنس آئل کی فروخت 4 فیصد کمی سے 79لاکھ 48 ہزار رہی، بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کوایل این جی کی درآمد کی وجہ سے گیس کی فراہمی میں بہتری فرنس آئل کی فروخت میں کمی کی وجہ قرار دی جارہی ہے۔

اس عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 4فیصد کے اضافے سے 70لاکھ 57ہزار ٹن رہی، پیٹرول کی فروخت میں 23فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 11ماہ کے دوران پیٹرول کی فروخت 52 لاکھ 44 ہزار ٹن رہی، متفرق پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 12فیصد اضافے سے 9لاکھ 98 ہزار ٹن رہی، اس طرح پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت 5فیصد اضافے سے 2کروڑ 12 لاکھ 48 ہزار ٹن رہی۔