لاہور : پیڑولیم اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کی کمر توڑ دے گا،روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، لاقانونیت، بدامنی، بے روزگاری حکومتی دعوئوں پر طمانچہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر غازی شاہد رضا علوی اور مرکزی صدرایم اے تبسم نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستانی عوام کو بے وقوف بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ ی اور آج بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسلسل عذاب گھریلو اور کاروباری زندگی کو متاثر کئے ہوئے ہیں۔
حکومت کی طرف سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور نت نئے مہنگائی کے طریقوں سے عوام کو ذہنی مریض بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں دوسری طرف حکمران طبقہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت کو پلی بارگین جیسے قانون سے جائز کرنے میں مصروف عمل ہیں اور ملکی معیشت بیرونی قرضوں میں بری طرح دھنس چکی ہے جس سے موجودہ ملکی صورتحال کا اندازہ لگا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لیے مثبت پالیسیاں بنائے۔