پیٹرولیم کی قیمتوں اور ٹیکس کا اطلاق عالمی مارکیٹ کے مطابق ہو گا: وزیر پیٹرولیم

Ghulam Sarwar Khan

Ghulam Sarwar Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکس کا اطلاق عالمی مارکیٹ کے مطابق ہو گا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم ڈویژن کی 15کمپنیاں ہیں، ہر کمپنی کی الگ الگ بریفنگ لوں گا، اکثر کمپنیوں کو ایڈہاک ازم کی بنیاد پر چلایا گیا ہے، ایک سی ای اوکے پاس ایک سے زیادہ کمپنیوں کااضافی چارج ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی کمپنیوں کے نقصانات کوکم کریں گے، اپنے لیڈر عمران خان کی تقلید کروں گا، اپنی گاڑی ہی استعمال کروں گا، تمام اداروں اور کمپنیوں سےاضافی گاڑیاں واپس لیں گے، کرپشن برداشت نہیں کروں گا۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکس کا اطلاق عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوگا، ڈیزل غریب آدمی استعمال کرتا ہے، ڈیزل کی قیمتیں پیٹرول کے برابر لانےکی کوشش کریں گے، موجودہ قیمتوں کے پیش نظر ڈیزل 17 روپے 70 پیسے فی لیٹر سستا ہوگا۔

غلام سرور خان نے کہا کہ ایل این جی سمیت دیگر معاہدوں کو چھپا کر رکھا گیا، ایل این جی سمیت تمام معاہدوں کاجائزہ لے کر انہیں منظر عام پر لاؤں گا۔