پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

Petrol

Petrol

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت پیٹرولیم نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی نہ کرنے فیصلہ کیا ہے اور اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے پرانی قیمتیں ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اوگرا نے وزارت پیٹرولیم کو سمری میں پیٹرولیم مصنوعات میں 3 روپے 55 پیسے فی لیٹر تک مہنگی کرنے کی تجویز دی تھی۔ سمری میں پیٹرول 10 پیسے، ہائی آکٹین 3 روپے 55 پیسے، مٹی کا تیل 2 روپے 71 پیسے اور لائٹ ڈیزل 1 روپیہ 81 پیسے مہنگا کرنے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 28 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

وزارت پیٹرولیم نے اوگرا کی سمری کو مسترد کرتے ہوئے یکم اکتوبر سے پیٹرول 64 روپے 27 پیسے، ہائی آکٹین 72 روپے 58 پیسے، مٹی کا تیل 43 روپے 25 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 72 روپے 52 پیسے اور لائٹ ڈیزل 43 روپے 34 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔