پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

Petroleum Products

Petroleum Products

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قیمتیں نہ بڑھانے کی سفارش کردی تاہم حتمی فیصلہ نگراں وزیر اعظم کریں گے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وزارت پیٹرولیم کو سمری ارسال کی تھی جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 تا 7 روپے بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی تاہم وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیر اعظم سے قیمتیں نہ بڑھانے کی سفارش کردی لیکن حتمی فیصلہ نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کریں گے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود اگست کے لیے قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری

دوسری جانب ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پیٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح 12 سے کم کرکے 9.5 فیصد مقرر کردی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 24 سے کم کرکے 22 فیصد، مٹی کے تیل پر 12 فیصد سے کم کرکے 6 فیصد اور لائٹ ڈیزل پر 9 فیصد سے کم کرکے 1 فیصد کردی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی اس نئی شرح کا اطلاق اگست کے لیے ہو گا۔