اسلام آباد (جیوڈیسک) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات میں یکم فروری سے کمی کی سفارش کر دی جس کا حتمی فیصلہ نواز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائےگا۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ یکم فروری سے اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات میں قیمتیں پانچ روپے 27 پیسے فی لیٹر تک کم کرنے کی سفارش کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اور گزشتہ ماہ ڈالر کی مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا تھا جس کے پیش نظر اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی۔
اوگرا نے یکم فروری سے پٹرول 3 روپے 4 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل 5 روپے 27 پیسے، مٹی کا تیل 4 روپے 50 پیسے اور لائٹ ڈیزل 4 روپے 28 پیسے فی لیٹرسستا کرنے کی سفارش کی ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ پٹرولیم لیوی کی گزشتہ دو ماہ کے دوران کم کی گئی تھی اس کو بڑھا کر اب قیمتوں میں کمی کو پٹرولیم لیوی میں ایڈجسٹ کرنا چاہ رہی ہے تاکہ حکومت اپنے ریونیو میں اضافہ کرے اور یکم فروری تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے پر ورکنگ شروع کر دی گئی تاہم حتمی فیصلہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔