لاہور (جیوڈیسک) لاہور ملک کے مختلف شہروں میں بڑھتی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے مہنگائی میں مسلسل اضافے کو غریب کش قرار دے دیا۔ مہنگائی کے مارے عوام سڑکوں پہ آ گئے۔ مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے احتجاج میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین نعرے لگا کر اپنے غم وغصے کا اظہار کرتے رہے۔
فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے چنیوٹ بازار سے چوک گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی۔ وہاڑی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر فیصل مسجد کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ حیدر آباد میں جماعت اسلامی، وحدت مسلمین اور جماعت الدعوہ کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالیں گئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت پالیسیوں نے غریبوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں پیپلزپارٹی کے کارکن مہنگائی کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ اعتزاز احسن، منظور وٹو اور ثمینہ خالد گھرکی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صرف سو دنوں میں ہی اپنا اصل رنگ دکھا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج ہونے چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔