کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سندھ لیبر فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین سید بھاشانی شاہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں بارہ روپے تک کی نمایاں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے، نرخوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے سازگار ثابت ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت ملک کی پہلی حکومت ہے جس نے پٹرول کی فی لٹر قیمت میں نمایاں کمی کی ہے ورنہ ماضی کی حکومتیں تو چند پیسوں کی کمی کرتی رہی ہیں ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا حصہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گا ہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، سید بھاشانی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پندرہ سے تیس روپے کی نمایاں کمی کی گئی تھی اور رواں ماہ کی یکم کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کیا جائے اور اس کے لیے وفاقی حکومت تمام وسائل کو استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے حکومت نے سخت فیصلے لیئے اور ملکی معیشت کی خراب حالت کے باوجود عوام کو ریلیف دینا حکومت کا شاندار کارنامہ ہے، اسوقت جنوبی ایشیا ء میں سب سے کم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں ، تحریک انصاف کا عزم اور وزیراعظم کا مشن ہے کہ ملک سے مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہو، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی کمی پر پورے ملک کی غریب عوام وزیراعظم عمران خان کی مشکور ہے ، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی سے مال بردار گاڑیوں کے کرائے میں کمی ہو گی جس سے سبزی ، پھل سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر ٹرانسپورٹ کی مد میں آنے والے اخراجات میں کمی آئے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک وقوم کی بہتری اور فلاح کے لیئے جامع حکمت عملی بنارہی ہے اور بہت جلد وفاقی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔