پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکومت کو ارسال

Petroleum Products

Petroleum Products

اسلام آباد (جیوڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کی سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی، اوگرا نے پٹرولیم لیوی کم کر کے قیمتیں برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے۔

اوگرا نے جون کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لیے حکومت کو سمری بھجوا دی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 30 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش کی ہے۔

ہائی سپیڈ ڈیزل ایک روپے 81 پیسے فی لٹر، ہائی اوکٹین 2 روپے 43 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 80 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 62 پیسے فی لٹر کمی کی تجویز ہے تاہم دوسری جانب اوگرا نے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی سفارش کی ہے۔

اوگرا کے مطابق پٹرولیم لیوی کم کر کے قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔ حکومت اوگرا کی سفارشات پر کل حتمی فیصلہ کرے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے ہو گا۔