پٹرولنگ پولیس اہلکار فرائض کی ادائیگی کی بجائے اختیارات انجوائے کرنے لگے

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) پٹرولنگ پولیس اہلکار فرائض کی ادائیگی کی بجائے اختیارات انجوائے کرنے لگے، مرضی سے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر شہریوں کی تلاشیاں اور کاغذات چیکنگ کے بہانے تذلیل کو وطیرہ بنا لیا۔ شہری حلقوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس جو پرویز الٰہی دور حکومت میںشاہرات پر حادثات کو کنٹرول کرنے اور مسافروںکی مدد کا فریضہ سرانجام دیا کرتی تھی نے ان دنوںتمام معاملات کو چھوڑ کر فقط اختیارات کو انجوائے کرتے ہوئے شہریوں کو ذلیل وخوار کرکے تنخواہیں کھری کرنے کاچلن اپنا لیا ہے۔شہری آبادیوں سے باہرغیر گنجان آباد ایریاز سے شہریوں کو ڈاکوئوں چوروں سے بچا نے کا فریضہ ترک کرکے پٹرولنگ پولیس اہلکار مصروف ترین علاقوں میں خود ساختہ ناکے لگا کر کھڑے ہوجاتے اور فلمی انداز میں شہریوں کیساتھ ڈیل کرتے نظر آتے ہیں۔ گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن چیکنگ کرنے اور کاغذات نہ ہونے کے بہانے تذلیل کو وطیرہ بنالیا گیا ہے ۔حد تو یہ ہے کہ شہریوں کو نمبر پلیٹس نہ ہونے یا کاغذات نہ ہونے پر ڈرانے دھمکانے والے خود بغیر نمبر پلیٹ سرکاری گاڑی پر موج مستیاں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔بعض اوقات فرد واحد سرکاری گاڑی میں موجود ہوتا ہے۔عوامی، سماجی حلقوں نے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے مسائل کا موجب بننے والی پٹرولنگ پولیس کو موجودہ صورتحال میں خزانہ سرکار پر بڑا بوجھ قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیرآباد (نامہ نگار)نواحی علاقہ ویروکی میں سہولیات کے فقدان پر مکینوں کا مقامی سیاسی قیادت کیخلاف شدید احتجاج۔ آئندہ انتخابات میں (ن)لیگی امیدوار کے بائیکاٹ کا اعلان۔ علاقہ کی سماجی شخصیات ملک محمد یٰسین ،بلال احمد خان، شیخ دائود،عمر بٹ اور دیگر نے بتایا کہ حالیہ 10سالہ دور اقتدار میں وعدوں اور دعووں کے باوجود موضع ویروکی میں کوئی قابل ذکر کام نہیں کروایا گیا علاقہ کی گلیاں، نالیاں عرصہ دراز سے شکست وریخت کا شکار ہیں سیوریج کا مسئلہ روز بروز سر اٹھا رہا ہے ۔ ہزاروں کی آبادی پر مشتمل گائوں میں ڈسپنسری تک کی سہولت موجود نہیں۔ مقامی ایم پی اے شوکت منظور چیمہ نے کروڑوں روپے کی لاگت سے اپنے گائوں کو تو ماڈل بنوا لیا ہے مگر ہمسایوں کا کبھی حال پوچھنا بھی گوارہ نہیں کیا۔ گائوں کی مین روڈ پر قسطوں میںکروایا گیا کام بھی ادھورا پڑا ہے سڑک کو مزید خطرناک بنادیا گیا۔ دوسری جانب ممبر قومی اسمبلی افتخار احمد چیمہ کی جانب سے دعووں اوروعدوں کے باوجود علاقہ کو سوئی گیس فراہمی کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلی حکومتی حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب بیشتر آبادی کی اکثریت نے کام نہ کروائے جانے کی صورت میں آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔