پی ایف یو سی کے زیر اہتمام شہدائے پشاور کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب

لاہور : نوجوان کالم نگاروں کی ملک گیر تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کی طرف سے شہدائے پشاور کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے لبرٹی چوک میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا کی گئی۔

اس موقع پر سینئر صحافیوں ، کالم نگاروں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ سینئر قلمکاروں اور تجزیہ کاروں نے اس موقع پر ملکی حالات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ اگر آپریشن ضرب عضب کے تناظر میں دیکھا جائے تو سانحہ پشاور یہ باور کرانے کی کوشش تھی کہ جن لوگوں کے خلاف یہ آپریشن کیا جارہا ہے ، وہ ابھی کمزور نہیں ہوئے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور نہ صرف فوج کو چیلنج ہے بلکہ امن و امان کے نفاذ کی حکومتی کوششوں پر بھی اک سوالیہ نشان ہے۔

قلمکار توفیق بٹ ، ایثار رانا ، عباس تابش ، فرخ شہباز وڑائچ اور تجزیہ کاروں سلمان عابد ، شہزاد چوہدری اور دیگر نے واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ،کالم نگار فرخ شہباز وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم و عمل کی دانش گاہوں پر ایسی کارروائیاں کرنا بزدلی میں شمار ہوتا ہے اگر دشمن میں دم میں خوف کا عنصر غالب نہ ہوتا تو وہ کبھی فوج کی بجائے معصوم بچوں اور عام شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک نہ کرتا۔

قلمکاروں اور تجزیہ کاروں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ، حکومت اور فوج سٹینڈ لے اور پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ دہشتگردی اور انسان نما سفاک حیوانوں کا قلع قمع کرنے کیلئے اقدامات میں شدت لائے۔ اس موقع شہداء کو زبردست خراج عقیدت اور بچ جانے والے خوش قسمت بچوں کی بہادری ، جذبات اور عزم کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

PFUC

PFUC