اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت پاکستان کا ادویہ ساز اداروں کو مراعاتی پیکیج دینے کا فیصلہ تاکہ اس صنعت کو فروغ دیتے ہوئے بھارت، چین اور بنگلادیش کے مقابل لایا جاسکے۔
وزیر اعظم ہائوس کی جانب سے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ حکومت ادویہ سازی کے شعبے میں خود انحصاری کا حصول چاہتی ہے اور اس کے لیے ٹھوس اقدامات اور خصوصی مراعات دیے جائیں گے تاکہ ادویہ سازی کے لیے درکار خام مال کے لیے بیرونی ممالک پر انحصار کم سے کم کیا جاسکے۔
اس سلسلے میں وزارت تجارت کے سیکریٹری نے وزارت صحت کے سیکریٹری سے درخواست کی ہے کہ دونوں وزارتیں ملک کر ادویہ ساز صنعت کی ترقی کے لیے ٹھوس اور عملی کوششیں کریں اور اس صنعت کے مسائل کو دور کریں۔
ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ DRAP پالیسی بورڈ نے اس حوالے سے اقدام کرتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی جس کی ذمہ داری تھی کہ وہ جامع سفارشات اور تجاویز مرتب کرکے وفاقی حکومت کو ارسال کرے گی جس میں چین اور بھارت کی حکومتوں کی جانب سے ان کی کمپنیوں کو دی گئی مراعات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔