فلپائن میں تباہی مچانے والا سمندری طوفان چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا

Philippines

Philippines

بیجنگ (جیوڈیسک) فلپائن میں تباہی مچانے والا سمندری طوفان ’’رماسن‘‘ چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا ہے جبکہ فلپائن میں اس سے 64 افراد ہلاک اور 5 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 216 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والا طوفان سب سے پہلے چین کے ’’ہینن‘‘ جزیرے سے ٹکرایا جس کے بعد اس نے صوبے گوانڈونگ کے شہر زانجیانگ کا رخ کیا۔

جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 2 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے، طوفان کے باعث ہونے والی تیز بارش نے شہر کے بجلی اور مواصلاتی نظام کو بری طرح متاثر کیا جبکہ اس سے پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا جس کے باعث لوگوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس سے قبل فلپائن کے صوبے ’’ایلبے‘‘ سے اٹھنے والے طوفان نے فلپائن کے کئی صوبوں اور شہروں کو بری طرح متاثر کیا جس کے نتیجے میں 68 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 5 لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر ہونے کے باعث محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔