منیلا (جیوڈیسک) فلپائن میں سمندری طوفان ہگوپٹ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے جس کے باعث 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر جب کہ مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی فلپائن میں سمندری طوفان ہگوپٹ کے باعث چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث بجلی کے گھمبے اور درخت اکھڑ گئے جب کہ مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
طوفان کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لینڈ سلائڈنگ کے باعث ساحلی علاقوں کے 10 لاکھ سے زائد لوگ گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں جسے دنیا کی موجودہ تاریخ کی ایک بڑی نقل مکانی قرار دیا جا رہا ہے۔
فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ جب سمندری طوفان ہگوپٹ ساحلی علاقے سے ٹکرایا تو اس کی شدت تیسرے درجے کی تھی لیکن اس کے نتیجے میں اب بھی شدید بارشوں اور تباہی کا خطرہ موجود ہے۔
طوفان کے باعث مشرقی فلپائن کا ایک بڑا حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے اور ساحلی علاقے سمر میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب فلاحی اداروں کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی منتقلی سے سیوریج کا نظام نہ ہونے کے باعث بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔