منیلا طاقتور ترین سمندری طوفان ہیان فلپائن سے ٹکرانے کے بعد تباہی کی داستانیں چھوڑ کر چین کی جانب بڑھ رہا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق فلپائن میں طوفان کے باعث 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے کیٹگری 5 کے سپر ٹائفیون ہیان کا مرکز فلپائن کا صوبہ کیبو تھا۔
275 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہوائیں اور 19 فٹ اونچی لہریں تباہی مچاتی ہوئی لیاتی، بوریکے اورسامار کے جزائر سے ٹکرائیں اوراب اس برس کا خطرناک ترین طوفان چین کی طرف بڑھ رہا ہے۔ فلپائن میں طوفان سے متاثرہ 10 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔
متاثرہ علاقوں میں نظام زندگی معطل ہے۔تیز ہواوں سے ساحلی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ حکام نے شدید بارش کی وجہ سے وسطی فلپائن میں بس اور ریل سروس بند کررکھی ہے جبکہ 200 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان آج چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا،جس کے نتیجے میں شدید تباہی کا خدشہ ہے۔